سٹی42: سیالکوٹ اور وزیر آباد میں سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن دن بھر جاری رہا۔اس وقت بھی آرمی کے جوان سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے شہریوں کو نکالنے کے لئے سرگرم ہیں۔
سیلاب سے متاثر ہونے والے شہریوں کی مدد کیلئے پاک فوج کے دستے سیالکوٹ اور وزیر آباد میں بھی موجود ہیں۔ پاک فوج کے جوانوں نے سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرکے ان کے گھروں کے قیمتی سامان کے ساتھ محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔پاک فوج کے جوان متاثرین کو ریسکیو کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں کھانا اور دوسری اشد ضروری امدادی اشیاء بھی پہنچا رہے ہیں۔
ہیڈ قادر آباد کے اطراف اور قصبہ قادر آباد کے سیلاب متاثرین کی نقل مکانی اور محفوظ مقامات پر منتقلی میں بھی پاک فوج کے جوان پیش پیش ہیں۔
متاثرہ شہری پاک فوج کے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو سراہ رہے ہیں۔ فوج کے جوانوں کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔