سعدیہ خان: پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور نے کہا ہے کہ جیل میں آصف زرداری کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ اگر انہیں کچھ ہوا توحکومت کے ساتھ ساتھ جیل حکام بھی اس کے ذمہ دار ہوں گے۔
ماڈل ٹاؤن پیپلزپارٹی پنجاب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری منظور کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر اترآئی ہے اور نیب یکطرفہ احتساب کررہا ہے، اپوزیشن رہنماوں کو گرفتارکیا جا رہا ہے جبکہ آصف زردرای کو عدالتی احکامات کے باوجود جیل قواعد کے مطابق سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔
اگرانہیں کچھ ہوا توحکومت کے ساتھ جیل حکام پر بھی اس کی ذمہ داری عائد ہوگی، چودھری منظورکا کہنا تھا کہ حکومت کا مسئلہ کشمیر پرعالمی فورم پر بھر پور آواز نہ اٹھانا اورمودی کے خلاف جنگ نہ جیتنا اسکی ناکامی ظاہر کرتا ہے لیکن اپوزیشن کشمیریوں پر ہونیوالے بہیمانہ مظالم کیخلاف حکومت کا ساتھ دینے کیلئے تیار ہے۔
تاہم حکومت کی ناکام معاشی وسیاسی پالیسیوں کیخلاف اپوزیشن متحد ہوکر آگے بڑھ رہی ہے، چودھری منظور نے حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کے دوممبران کے بغیر کسی مشاورت کے تقررکی مذمت کرتے ہوئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ جوائنٹ سیشن میں صدر کے خطاب کا بائیکاٹ کریں۔