شیخ رشید احمد نے کہا کہ چوروں کے گینگ سے ہماری لڑائی ہے، کہاں ہو رانا ثنا اللہ سامنے آؤ۔
تفصیلات کے مطابق جلسے سے خطاب کرتے ہوئےعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے معیشت کو تباہ کیا، سامراجی دباؤ میں لائے اور مہنگائی کے اصل مجرم ہیں، وہ دہشت گرد جو وزارت داخلہ سے روز ڈرا اور دھمکا رہا ہے سن لے کہ ہم آرہے ہیں، میں آج یہاں عوام کا ایک سمندر دیکھ رہا ہوں جو آپ کو اٹھاکر لے جائے گا، رانا ثنا اللہ کہاں ہو سامنے آؤ۔
انہوں نے کہا کہ چوروں کے گینگ سے ہماری لڑائی ہے، ایک ایک ایم این اے کی قیمت لگاکر عمران خان کی حکومت گرائی گئی۔ملک کی معیشت تباہ ہوگئی ہے، اسحاق ڈار غلط بیانی کررہے ہیں ملکی معیشت ڈوب رہی ہے، سامراج کے غلاموں کے آنے سے ملک تباہ ہوگیا، جب معیشت تباہ ہوجاتی ہے تو ملکی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوجاتا ہے، آج والدین کے پاس بچوں کے اسکولوں کی فیسیں دینے کے لیے پیسے نہیں، مہنگائی کی وجہ سے لوگ آج بل ادا نہیں کرسکتے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں نے آٹھ ماہ تک اپنی زبان بند رکھی، فوج بھی میری ہے اور عدلیہ بھی میری ہے مجھے پاک فوج پر فخر ہے،فوج کا سیاست سے دور رہنا خوش آئند ہے۔
قبل ازیں اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن حقیقی آزادی کا دن، ملک کی غلامی سے آزادی کی سیاسی تاریخ مرتب کرنے کا دن ہوگا، ایک جم غفیر کے ہمراہ راشد شفیق کے ہمراہ لال حویلی سے نکلیں گے۔مسلمان کا ایمان ہے کہ موت کا ایک دن معین ہے، وہ لوگ جنہوں نے معیشت کو قومی سلامتی کے لیے سوالیہ نشان بنا دیا ان کے خلاف سیاسی اعلان جنگ ہے۔