مارکیٹوں کی بندش، تاجروں کا ردعمل سامنے آگیا

 مارکیٹوں کی بندش، تاجروں کا ردعمل سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شہزاد خان ابدالی) پنجاب حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ سے چند روز قبل مارکیٹوں اور بازاروں کی ممکنہ بندش کے معاملے پر لاہورشہر   کی تاجر تنظیموں کے قائدین بابر محمود ،خالد پرویز،حاجی اشفاق ،طارق فیروز ،اشرف بھٹی سمیت دیگر نے مارکیٹوں کی ممکنہ بندش کی سخت مخالفت کردی، کہتے ہیں  کہ چھوٹے تاجروں اورملازمین کی عید خراب ہوجائے گی۔
پنجاب حکومت کے عید الاضحیٰ سے دو یا تین روز قبل مارکیٹوں اور بازاروں کی ممکنہ بندش کے فیصلے کو تاجر برادری نے غیر دانشمندانہ قرار دے دیا۔ صدر خدمت گروپ بابرمحمود نے کہا کہ چھوٹا تاجر اور اس کا ملازم پہلے ہی سنگین معاشی بحران سے دوچار ہے، عید پر مارکیٹس کی بندش سے چھوٹے تاجروں اورملازمین کی عید خراب ہوجائے گی۔
اسی طرح صدر اچھرہ بازار حاجی اشفاق ،صدر شاہدرہ بورڈ میاں عبیر ،صدر انجمن تاجران لاہور میاں طارق فیروز اور صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز بھی مارکیٹوں کی مکمل بندش کے سخت مخالف ہیں۔ خالد پرویز نے کہا کہ حکومت چھوٹے تاجر اور اسکا کاروبار ختم کرنے کے درپے کیوں ہوگئی ہے؟ اس سے معاشی بحران میں گھرے تاجروں کے حالات مزید خراب ہوں گے۔ حکومتی ہم خیال تاجروں نے بھی پنجاب حکومت کے مارکیٹوں کی ممکنہ بندش کے فیصلے کی نفی کردی، کہتے ہیں کہ حکومت ایسا غیر مقبول فیصلہ کرنے سے گریز کرے۔

قبل ازیں  کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پنجاب حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صوبہ میں  سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں  سمارٹ لاک ڈاؤن اور مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکر ٹری داخلہ مومن آغا،سیکرٹری پرائمری ہیلتھ محمد عثمان ، قائم مقام کمشنر دانش افضال اورڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان نے شرکت کی، جبکہ سیکرٹر ی بلدیات ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، تمام ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer