پی ایس  ایل 7، سیٹی  کل بجے گی، کھلاڑی ، تماشائی سب تیار

پی ایس  ایل 7، سیٹی  کل بجے گی، کھلاڑی ، تماشائی سب تیار
کیپشن: Pakistan Super League
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے ساتویں ایڈیشن کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جس کا باقاعدہ آغاز 27 جنوری کو دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور سابق چیمپئن کراچی کنگز کے درمیان میچ سے ہو گا۔
ایک ماہ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ لیگ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے حصے میں 27 جنوری سے سات فروری کے درمیان کراچی میں میچز ہوں گے جس کے بعد تمام ٹیمیں لاہور کا رخ کریں گی جہاں 10 فروری کو ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گا۔
لاہور میں 10 لیگ میچز کے بعد کوالیفائر، دونوں ایلی منیٹرز میچز ہوں گے اور اس ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز 23 فروری کو ہو گا۔ ایونٹ کا فائنل27 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دو بہترین ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جس روز دو میچز ہوں گےاس دن پہلا میچ دوپہر دو بجےاور دوسرا شام سات بجے کھیلا جائےگا۔ جس روز ایک میچ کھیلا جائے گا وہ شام سات بجے شروع ہوگا۔ جمعے کے روز دونوں میچز نمازِجمعہ کے بعد دوپہر تین اور آٹھ بجے شروع ہوں گے۔

کرونا وائرس کی وجہ سے 27 جنوری سے 27 فروری تک جاری رہنے والی لیگ میں جہاں شائقین کی تعداد کو 25 فی صد تک محدود کیا گیا ہے، وہیں پلیئنگ کنڈیشنز میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔کرونا کی بڑھتی ہوئی صورت حال کو سامنے رکھ کر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قوانین میں ترامیم کی ہیں۔ جس کے مطابق اگر کسی ٹیم کے کم از کم 13 کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ منفی آجائیں ، تب اس ٹیم کا میچ نہیں رکے گا۔

ایک بھی کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مذکورہ ٹیم پی ایس ایل کی ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت کے بعد متبادل کھلاڑیوں کے پول میں موجود کسی بھی کھلاڑی کو اسکواڈ کا حصہ بناسکتی ہے۔گزشتہ پی ایس ایل ایڈیشنز کے مقابلے میں اس بار آن فیلڈ امپائر کے بجائے ٹی وی امپائر نوبال دیکھے گا. اگر فیلڈنگ سائیڈ نے مقررہ اوورز وقت پر مکمل نہ کیے تو اننگز کے آخری اوور میں ان کے پاس سیمی سرکل کے باہر ایک کھلاڑی کم کھڑا کرنے کی شرط لاگو ہوگی۔

سب سے اہم ترمیم ایونٹ کے فائنل کے حوالے سے کی گئی ہے، جس کے لیے ایک دن ریزرو رکھا گیا ہے۔ اگر دونوں دن بھی میچ مکمل نہ ہوسکا تو لیگ میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن میں ہونے والی ٹیم کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔اگر کووڈ کی وجہ سے کسی ٹیم کے غیرملکی کھلاڑی میچ میں شرکت نہ کرسکیں تو فائنل الیون میں تمام 11 مقامی کھلاڑی کھلانے کی اجازت ہوگی۔ نارمل حالات میں ٹیموں کو ایک ایمرجنگ کرکٹر سمیت فائنل الیون میں کم از کم 7 اور زیادہ سے زیادہ 8 مقامی کھلاڑی کھلانے ہوں گے۔

Abdullah Nadeem

کنٹینٹ رائٹر