سفاری پارک میں دل دہلا دینے والا واقعہ، شیر نے نوجوان کو کھا لیا

سفاری پارک میں دل دہلا دینے والا واقعہ، شیر نے نوجوان کو کھا لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( طاہر جمیل) سفاری پارک میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں شیر نے 18 سالہ نوجوان کو کھا لیا، لواحقین کے مطابق بلال کی موت انتظامیہ کی غفلت سے ہوئی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔

ذرائع کے مطابق  لاہور زوسفاری کے شیر انکلوژر سے انسانی جسم کے اعضا ملے ہیں، لاش کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی ہے جوقریبی آبادی فتح سنگھ والا  کا رہائشی ہے، نوجوان کی عمر 18 سال بتائی گئی ہے جو دو روز سے لاپتہ تھا۔ سفاری پارک کے ڈپٹی ڈائریکٹرچودھری شفقت علی نے شبہ ظاہرکیاکہ نوجوان سفاری پارک کا جنگلہ عبور کرکے اندرداخل ہوا اور شیروں کی خوراک بن گیا۔

انسانی جسم کے اعضا ملنے   کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور  جائے وقوعہ سے باقیات قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔پولیس کے مطابق بلال کی باقیات میں کھوپڑی اور چند دیگر ہڈیوں کے علاوہ کپڑے، چارہ والی چادر اور درانتی بھی موقع سے ملی ہے۔

محمد بلال کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے ٹکٹ گھر کے شیشے توڑ دیئے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلال کو قتل کرکے شیروں کے پنجرے میں پھینکا گیا، یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 5 سال قبل بلال کے ایک عزیز کی لاش بھی سفاری زو سے ملی تھی،انہوں نے انتظامیہ کی غفلت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور زو سفاری کے عملے کو آخر علم کیسے نہیں ہوا کہ شیر نے زندہ انسان کو کھا لیا۔

دل دہلا دینے والے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج  بھی منظر عام پر آگئی ہے، فوٹیج میں متوفی کو شیروں کے جنگلے کے پاس کھڑا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ بلال پیر کی شام کو گھر سے غائب ہوا اور 10 بج کر 22 منٹ پر پنجرے پر چڑھنے کی کوشش کرتا رہا،افسوسناک واقعے کی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد والدین نے کیس ختم کردیا۔

 دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سفاری پارک میں شیر کے مبینہ حملے میں نوجوان کے ہلاک ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، وزیر اعلیٰ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا، عثمان بزدار نے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن اور سیکریٹری وائلڈ لائف سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اہل علاقہ کا کہناتھاکہ بلال شریف انتہائی شریف ملنسارتھا اور دکھ کی اس گھڑی میں پسماندگان کیساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو واقعے کی تحقیقات کرنی چاہیں اور اگر یہ قتل ہے تو ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائے۔

Sughra Afzal

Content Writer