(عمر اسلم) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، صوبے کی ترقی اور عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبے میں اچھی طرز حکمرانی ، شفافیت اور میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا ہے، صوبے میں مکمل ہونیوالے منصوبے اپنی مثال آپ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس میں انہوں نے کہا کہصوبے بھر میں مکمل کئے گئے منصوبے شفافیت، معیار اور برق رفتاری سے تکمیل کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں ، اربوں روپے کے مکمل ہونے والے میگا پراجیکٹس سے صوبے کے عوام کو بے حد ریلیف ملا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو دانش سکول ، میٹروبس سسٹم ، تعلیمی فنڈ، جدید انفراسٹرکچر ، جدید ہسپتال اور معیاری تعلیمی اداروں کے تحفے دیئے ہیں،انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر عوام کو خدمات کی فراہمی کا عمل بہتر کیا گیا ہے، خوشحال پنجاب کی منز ل کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں ۔ ،پنجاب میں میرٹ کی بالا دستی ہے، اداروں میں لاکھوں بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر ہوئی ہیں ،سوشل سیکٹر کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی ملک کی 70 سالہ تاریخ میں کوئی مثال نہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا عوام کو خدمات کی فراہمی کے اداروں کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے ، پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کر کے تاریخ رقم کی ہے،قومی وحدت کی مضبوطی کیلئے پنجاب حکومت کے فلاحی پروگراموں میں پاکستان کی تمام اکائیوں کو شامل کیا گیا ہے ،اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کئے گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ زرعی شعبے کی ترقی اور زراعت کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے کاشتکاروں کو بے حد فائدہ ہوا ہے، تاریخی کسان پیکیج اور چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی سے سبزانقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔
پنجاب حکومت کے ترقیاتی پروگراموں کی افادیت اور کامیابی کا اعتراف عالمی اداروں نے بھی کیا ہے ، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی بہتری کی عوام بھی گواہی دے رہے ہیں ، عوامی خدمت کے اس سفر کو مزید تیز رفتاری سے آگے بڑھانا ہے ، عوام کی خدمت ہی ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے، ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح اور ترقی کیلئے ہی اٹھے گا۔
چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات جہانزیب خان کی ترقیاتی پروگراموں پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ بھی دی، صوبائی وزراء ملک ندیم کامران ، منشاء اللہ بٹ، عائشہ غوث پاشا ، ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان ، چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ سیکرٹریز کی اجلاس میں شرکت۔