(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ کے ججز روسٹر میں پھرترمیم کردی گئی، چیف جسٹس مامون رشید شیخ اور نامزد چیف جسٹس محمد قاسم خان 25 فروری کو ملتان بنچ میں سماعت کریں گے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مامون رشید شیخ کی منظوری کے بعد دسواں ترمیمی ججز روسٹر جاری کیا گیا۔ ترمیمی ججز روسٹر کے مطابق پرنسپل سیٹ پر گیارہ ڈویژن اور بتیس سنگل بنچز کیسز کی سماعت کریں گے ۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس مامون رشید شیخ اور نامزد چیف جسٹس محمد قاسم خان ملتان بار کے سالانہ ڈنرمیں بھی شریک ہوں گے۔
ملتان بار کی تقریب میں ہائیکورٹ کے دیگر ججز کو بھی شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ ملتان بنچ میں جسٹس چوہدری مسعود جہانگیر ، جسٹس سید شہبازعلی رضوی ، جسٹس مجاہد مستقیم احمد ، جسٹس اسجد جاوید گھرال، جسٹس جواد حسن اور جسٹس فاروق حیدر بھی ملتان بنچ میں سماعت کریں گے۔