(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ انتخابات اکتوبر 2023 میں ہوں گے اور الیکشن مہم کو نواز شریف لیڈ کریں گے۔
فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں (ن )لیگ پنجاب میں اکثریت حاصل کرے گی جبکہ ابھی جو بھی اسمبلی ٹوٹی ہم وہاں سے الیکشن لڑ کر کامیاب ہوں گے، پی ٹی آئی نے 4سال میں ملکی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا، توشہ خانہ سے گھڑیاں چوری کی گئیں، اربوں روپے کے تحائف بیچ دئیے گئے۔ تحائف کی وجہ سے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے۔
راناثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے بھی یہ دن مقدس ہے، فیصل آباد کی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کے دن قائد اعظم محمد علی جناح کا بھی یوم ولادت ہے ، آج کے دن میاں محمد نواز شریف کا بھی یوم ولادت ہے ، پاکستان کو استحکام میاں نواز شریف نے دیا ،گیارہ مئی کو ایٹمی دھماکے کئے تو انڈین وزیراعظم نے چیلنج دیا 17 دنوں بعد میاں نواز شریف نے پانچ کے مقابلے میں 6 ایٹمی دھماکے کئے۔
پاکستانی اکانومی بہترین پوزیشن میں تھی پاکستان ایشین ٹائیگر بن رہا تھا ، پی ٹی آئی کی نالائق حکومت نے سی پیک کا منصوبہ ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ، پی ٹی آئی نے چار سالوں میں ملکی بہتری کیلئے کچھ بھی نہیں کیا ، ہمارے خلاف جھوٹے کیسز تھے جو ختم ہو گئے، عمران خان کے خلاف جو حقیقی کیسز ہیں وہ لازمی بنیں گے، مسلم لیگ (ن) 2023 کا الیکشن بھرپور طریقے سے لڑے گی۔