(قیصرکھوکھر) چونیا ں میں خواجہ سرا پر تشدد کا واقعہ میں اہم پیشرفت سامنے آئی، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے حکم پر پولیس نے کارروائی کرتےخواجہ سر ا پر تشدد کرنے والا ایک ملزم گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چونیاں میں خواجہ سرا سے زیادتی وتشدد کرنے والے ملزمان میں سے ایک کو پولیس نے حراست میں لے لیا،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر پولیس نے کارروائی کرتے ملزم کو گرفتار کیا،گرفتار ملزم آصف کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا،دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں، ڈی پی او قصور کا کہناتھا کہ خواجہ سرا کو انصاف فراہم کریں گے،دیگر ملزمان کو بھی جلد قانون کی گرفت میں لائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چونیاں میں بااثر افراد نے خواجہ سرا کو تین دن تک اجتماعی زیادتی وتشدد کا نشانہ بنایا، چونیاں کے نواحی علاقے الہ آباد میں با اثر افراد نے سوہانہ نامی خواجہ سرا کو اغوا کر کے بد ترین تشدد کا نشانہ بنا کر واقعے کی ویڈیو خود ہی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی تھی،خواجہ سرا سوہانہ کو چند لوگوں نے فنکشن کے بہانے بلوایا تھا۔
متاثرہ خواجہ سرا کا کہناتھا کہ ملزمان تین روز تک اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے، خواجہ سرا کی طرف سے دی گئی درخواست پر پولیس نے ملزمان کے خلاف کارروائی سے انکار کیا۔ مقدمہ درج ہو نے کے باوجود ملزمان کو گرفتار نہ کیا جاسکا، ملزمان نے اس قدر دباؤ ڈالا کہ خواجہ سرا کو صلح کرنی پڑی۔ ملزمان نے صلح کے بعد تشدد کی ویڈیو خود سوشل میڈیا پراپ لوڈ کر دی، جس پر خواجہ سرا نے نئے مقدمے کی درخواست دے دی ہے، واقعے پر ڈی پی او قصور نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔