( علی ساہی ) آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے سی پی او میں پنجاب پولیس کی جدید فیچرز سے آراستہ نئی ویب سائٹ کا افتتاح کردیا۔ پولیس خدمت مراکز، 8787 کمپلینٹ سنٹر، ون فائیو ایمرجنسی سروس، راستہ ایپ اور ایف ایم ریڈیو کو ویب سائٹ کیساتھ منسلک کیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس نے پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے شہریوں کی سہولت کیلئے پولیس ویب سائٹ کو نئے فیچرز کیساتھ جدید ڈیجیٹل طرز کا بنا دیا گیا ہے۔ نئی ویب سائٹ میں پولیس کے سافٹ امیج اور پبلک سروس ڈلیوری سے متعلقہ پراجیکٹس کو ہائی لائٹ رکھا گیا ہے۔ صارفین انفارمیشن کے بروقت حصول کے ساتھ ساتھ بہترین سروس ڈلیوری سے مستفید ہوسکیں گے۔
شہری کسی بھی واقعہ کو رپورٹ کرنے کے علاوہ خدمت مراکز پر دستیاب تمام سہولیات بذریعہ ویب سائٹ حاصل کر سکیں گے۔ پنجاب پولیس کی جدید فیچرز سے آراستہ نئی ویب سائٹ کا لنک پنجاب پولیس ڈاٹ جی او وی ڈاٹ پی کے ہے۔ نئی ویب سائٹ پر شہری صوبے کے کسی بھی ضلع میں درپیش مسئلے سے متعلق ای کمپلین بھی درج کروا سکیں گے۔
نئی جدید ویب سائٹ پر تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز دفاتر اور افسران کے ٹیلی فون نمبرز بھی موجود ہونگے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ ویب سائٹ شہریوں کو سہولیات کی بلا تاخیر فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گی۔