لاہور میں کورونا کی شرح 20فیصد ہوگئی، مزید 28 مریض چل بسے

Coronavirus
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (زاہد چودھری)صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا کی شرح 20فیصد تک جاپہنچی، کورونا نے شہر میں مزید 28 گھرانوں کے چراغ گل کر دئیے، 24گھنٹے کے دوران 1428 نئے مریض رپورٹ ہوئے، اس وقت سرکاری ہسپتالوں میں 874، پرائیویٹ میں 400 مریض زیرعلاج ہیں، جن میں سے 274 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا کی شدت کے باعث ہسپتالوں پر دباؤ  کی وجہ سے آکسیجن کا استعمال 7 گنا بڑھ گیا، شہر کے سرکاری ہسپتالوں کے وینٹی لیٹرز کورونا کے مریضوں سے 98 فیصد تک بھر گئے، آکسیجن بیڈز پر درجنوں تشویشناک مریض وینٹی لیٹرز کے منتظر ہیں، محکمہ صحت ہسپتالوں کو مزید وینٹی لیٹرز دینے میں ناکام ہوگیا ، شہر میں کورونا کے لئے مختص کیے گئے 8 سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز نایاب ہو گئے،  میو ہسپتال کے 84 وینٹی لیٹر پر 84 مریض زیرعلاج، سروسز ہسپتال میں کورونا کے مختص 32 وینٹی لیٹرز پر بھی مریض موجود ہیں، گورنمنٹ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ میں 10 وینٹی لیٹرز بھی فل ہیں۔ پی کے ایل کے لئے مختص 8 وینٹی لیٹرز بھی بھر گئے۔

کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں مختص کئے گئے تینوں وینٹی لیٹرز پر مریض موجود ہیں، جنرل ہسپتال میں 30 وینٹی لیٹرز میں سے 29 پر، جناح ہسپتال کے 50 وینٹی لیٹرز میں سے 36 پر مریض زیر علاج ہیں،  گنگارام ہسپتال کے 20 وینٹی لیٹرز پر کورونا سے متاثرہ 13 خواتین زیر علاج ہیں، مجموعی طور پرسوا کروڑ کی آبادی والے شہر کے سر کاری ہسپتالوں میں صرف 22 وینٹی لیٹرز خالی ہیں۔

کورونا کی تشویشناک صورتحال کے باعث آکسیجن گیس کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا، مارکیٹ میں ریٹ بھی ڈبل ہوگیا ڈریپ کا سرخ فیتہ سپلائی میں رکاوٹ بن گیا، چھوٹا سلنڈر 11 ہزار سے بڑھ کر 15 ہزار جبکہ بڑا آکسیجن سلنڈر 18 ہزار سے بڑھ کر 25  ہزار روپے کاہوگیا۔

دوسری جانب  شہر میں کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن کا  عمل چھٹی کے روز بھی جاری ہے،  شہریوں کی بڑی تعداد ویکسین لگوانے ایکسپو سینٹرز پہنچ گئی، 50سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین صبح 10سے3 اور شام ساڑھے 8 سے 12بجے تک لگائی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سمارٹ لاک ڈاؤن میں 17 مئی تک توسیع کردی، پنجاب بھر میں تمام کاروباری مراکز شام 6بجے بند کر دیئے جائیں گے جبکہ ہفتہ اور اتوار کو مکمل تعطیل ہو گی،تمام سرکاری و نجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ گھر سے کام کرنے کا پابند ہو گا، تمام تفریحی پارکس بند رہیں گے جبکہ واکنگ /جوگنگ ٹریکس کھلے رہیں گے۔

یاد رہےکہ پنجاب حکومت نے انتظامیہ اور پولیس کی معاونت کیلئے فوج بلانے کی ریکوزیشن بھی بھیج دی، لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں فوج پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے ملکر  کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرائے گی۔

Sughra Afzal

Content Writer