ڈین جونز کے انتقال پر پاکستانی کرکٹرز غم سے نڈھال

 ڈین جونز کے انتقال پر پاکستانی کرکٹرز غم سے نڈھال
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک سلطان اعوان)سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کراچی کنگز کےہیڈ کوچ ڈین جونز کے انتقال پر پاکستانی کرکٹرز نے افسوس کا اظہار کیا ہے، انہیں شفیق انسان،دوست اور استاد قرار دیا۔

دنیائے کرکٹ کا بڑا ستارہ ڈین جونز ، بڑا کھلاڑی اور بڑا انسان لاکھوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ گیا۔ آئی پی ایل کی کمنٹری کے لیے بھارت میں موجود ڈین جونز کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ ڈین جونز پاکستان سپرلیگ کے ساتھ بھی منسلک رہے۔ ڈین جونز اسلام آباد یونائیٹڈ اورکراچی کنگز کے ہیڈ کوچ رہے۔

  ڈین جونز کا شمار اپنے وقت کے مایہ ناز کرکٹرز میں ہوتا ہے۔ 24مارچ 1961 کو پیدا ہونے والے ڈین جونز نے 1981 میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا شروع کی ۔30جنوری 1984 کوپاکستان کے خلاف ایک روزہ میچ سے انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کیا۔ 
دو ماہ بعد مارچ 1984 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے ٹیسٹ کیرئیرکی بنیاد رکھی۔ ڈین جونز نے کیرئیرمیں 52ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں 46سے زائد کی اوسط کیساتھ 3631رنزبنائے۔216ان کا سب سے بڑا اسکور رہا۔ٹیسٹ کیرئیرمیں 14ففٹیاں اور11سنچریاں شامل رہیں۔

ڈین جونز نے 164ایک روزہ میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔انہوں نے 44سے زائد کی اوسط کیساتھ 6ہزار68 رنز بنائے، 145رنز ان کی سب سے بڑی اننگز تھی۔ ڈین جونز نے ون ڈے میں 7سنچریاں اور46 نصف سنچریاں بنائیں۔ ڈین جونز کو کیرئیر کے دوران عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔وہ 1987 میں ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے رکن تھے۔

ڈین جونز کے انتقال کی خبر سنتے ہی سوشل میڈیا پرقومی کرکٹرز اور مداحوں کی طرف سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ بھی شروع ، لاکھوں مداحوں نے ڈین جونز کے انتقال کا کرکٹ اورانسانیت کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔

سابق آسٹریلوی بلےباز اور کمنٹیٹر ڈین جونز کے انتقال پر پاکستانی کرکٹرز نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، سابق کرکٹر ظہیر عباس اورمعین خان نے کہا ان کی اچانک موت کا سن کر دکھ ہوا۔

سابق آسٹریلوی کرکٹرڈین جونز کے انتقال پر پاکستانی کرکٹرز کا اظہار افسوس ڈین جونز کے انتقال کی خبر افسوسناک ہے ۔ اظہر محمود  کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے بڑے نقصان پر الفاظ نہیں ہیں۔

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پروفیسر ڈینو کے انتقال پر کہنے کے لیے الفاظ نہیں، وہ ایک شفیق انسان، دوست اور استاد تھے۔

سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر سن کر دھچکا لگا۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ڈین جونز کے انتقال پر ان کےاہلخانہ سے تعزیت کرتا ہوں۔

سابق پاکستانی کپتان اور کمنٹیٹر رمیز راجا کا کہنا تھا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر افسوسناک ہے، وہ بہترین دوست تھے.

دیگر کھلاڑیوں سرفراز احمد، وہاب ریاض، باسط علی، رومان رئیس، شاداب خان نے بھی ڈین جونز کے انتقال پرافسوس کااظہار کیا۔

Malik Sultan Awan

Content Writer