(اکمل سومرو) پنجاب یونیورسٹی میں اجتماع کارکنان پاکستان رکوانے کیلئے گورنر اور آئی جی پنجاب کو خط ارسال کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے گورنر پنجاب اور آئی جی پنجاب کے نام خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمعیت طلباء یونیورسٹی میں 31 جنوری تا 2 فروری تک زبردستی اجتماع منعقد کررہی ہے،لہذا اس اجتماع کو رکوانے کے لیے پولیس یونیورسٹی انتظامیہ کی معاونت کرے۔
حکومت اور پولیس نے جمعیت کا اجتماع رکوانے میں مدد نہ کی تو اساتذہ کلاسز کا بائیکاٹ کریں گے جس سے یونیورسٹی میں3 روز تک تدریسی امور متاثر ہوں گے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں جمعیت کے پروگرام کا انعقاد غیرقانونی اور خلاف ضابطہ ہے، جمعیت کے اجتماع سے طلباء تنظیموں کے درمیان تصادم سے انسانی جان ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔
آئی جی پولیس کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ جمعیت کے عہدیداروں کو اجتماع روکنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاہم انھوں نے یونیورسٹی حکام کی بات ماننے سے انکارکردیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ جمعیت طاقت کے زورپر یہ اجتماع منعقد کرے گی۔