(علی اکبر) بیوروکریسی کی ہڑتال میں ناکامی کے بعد حکمران جماعت نے اپنے ونگز کو سابق ڈی جی ایل ڈی اےاحد خان چیمہ کے حق میں میدان میں اتار دیا۔ مختلف مقامات پر احد خان چیمہ کے حق میں بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں، جس میں ان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق ڈی جی ایل ڈی اے کو نیب کی جانب سے گرفتار کیے جانے کے بعد ایک خاص سیاسی جماعت بوکھلاہٹ کا شکار دکھائی دیتی ہے۔ بیوروکریسی کی جانب سے ہڑتال کی ناکامی کے بعد پنجاب کی تاریخ میں پہلی دفعہ کسی سرکاری آفیسر کی مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار ی کے بعد صوبائی کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کی جانب سے اپنے تمام ونگز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جماعت کا نام استعمال کیے بغیر احد خان چیمہ کے حق میں سڑکوں پر نکل آئیں۔ شہر کے مختلف مقامات پر لبیر فیڈریشن کی جانب سے احد خان چیمہ کے حق میں بینرزآویزاں کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے لئے نئی مشکلات پید اہوگئیں۔ نیب نے احد چیمہ کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے ڈیٹا حاصل کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے ہزاروں گیگا بائٹ ڈیٹا حاصل کیا گیا۔ جس میں اعلیٰ شخصیت کے ساتھ گفتگو کا ریکارڈ بھی ملا ہے۔
واضح رہے کہ نیب لاہور نے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں کرپشن پر سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو گرفتارکیا تھا، جس کے بعد احتساب عدالت نے احد چیمہ کو کرپشن ریفرنس میں 11دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔