یوٹیلیٹی سٹورز کھولنے کا اعلان

یوٹیلیٹی سٹورز کھولنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( حسن علی ) کل یکم رمضان یوٹیلیٹی سٹورز کھلیں گے، آل پاکستان ورکرز یونین "سی بی اے" نے انتظامیہ کو مزید دس دن کی مہلت دیتے ہوئے یوٹلٹی سٹورز کھولنے کا اعلان کر دیا۔

آل پاکستان سی بی اے یونین کے عہدیداروں کا کہنا ہے وہ اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے اور مذاکرات میں ڈید لاک برقرار ہے تاہم رمضان المبارک اور شہریوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے سٹورز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صدر آل پاکستان ورکرز یونین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو مطالبات کی منظوری کیلئے دس دن کی مہلت دی ہے، انتظامیہ یوٹیلیٹی سٹورز کے ملازمین کے تمام مطالبات کو منظور کرے اور نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

یونین کے عہدیداروں کا مزید کہنا تھا اگر دس روز میں مطالبات منظور نہ کئیے گئے تو پھر تمام یونینز کا اجلاس بلا کر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے گزشتہ روز آل پاکستان ورکرز یونین یوٹیلیٹی سٹورز اور چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے درمیان مذاکرات ناکام  ہوگئے تھے۔  یونین نے آج سے لاہور سمیت ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

آل پاکستان ورکرز یونین یوٹیلیٹی سٹورز کے چیئرمین عارف شاہ کا کہنا تھا  کہ حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی سٹورز کے ملازمین کو بنیادی حقوق نہیں دئیے جا رہے۔ یوٹیلٹی سٹور منڈی بہاؤالدین کے ملازم ملک الطاف کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے بھی کوئی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی درخواستیں کر چکے ہیں لیکن کہیں شنوائی نہیں ہوئی، نہ تو ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو رمضان المبارک میں بنیادی تنخواہ کے برابر بونس دینے کا اعلان کیا گیا اور نہ ہی کورونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی کٹس دی گئیں۔