(زاہد چوہدری) تمام تر اقدامات کے باوجود تعلیمی اداروں میں کورونا کے وارجاری، چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 22 طلبا میں کورونا کی تصدیق ہوگئی۔ 15 ستمبر سے اب تک کورونا سے متاثرہ طلبا کی مجموعی تعداد 81 ہوگئی ۔
تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد تمام تر اقدامات کے باوجود طلبا کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں مزید 22 طلبا کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔
کورونا کی تشخیص کیلئے محکمہ پرائمری ہیلتھ کی جانب سے لاہور سمیت صوبے بھر کے 763 تعلیمی اداروں سے طلبا ، اساتذہ اور سٹاف ممبران کے کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں ۔ مجموعی طور پر 39 ہزار 296 ٹیسٹ اب تک کئے جاچکے ہیں اور 15 ستمبر سے اب تک 81 طلبا کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے ہیں ۔
ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ضلع گوجرانوالہ ہے جہاں سے 45 طلبا کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے ہیں ۔ گجرات میں 12 ، ننکانہ صاحب میں 9، فیصل آباد میں 7 ، لاہور میں 3 طلبا اب تک کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔
دوسری جانب چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا کے 38 نئے مریض سامنے آئے ہیں اور پنجاب بھرمیں مجموعی طورپر 115 نئے کورونا کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ لاہور سمیت صوبے میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئی موت واقع نہیں ہوئی ہے۔
کورونا وبا کے دوران اب تک لاہور میں 49520 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 863 اموات ہوچکی ہیں ۔ پنجاب میں مجموعی طور پر کورونا کیسز کی تعداد 98602 ہوگئی ہے اور 2227 اموات ہوئی ہیں ۔ ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق صوبے میں کورونا سے 95159 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں ۔