(علی ساہی) پنجاب پولیس میں دو دنوں میں مزید 68 کوروناوائرس کے مریضوں کااضافہ ہوگیا، لاہورسمیت پنجاب بھر میں مریض ملازمین کی تعداد557ہوگئی ،لاہورپولیس متاثرہ اضلاع میں پہلے نمبرپر ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیرنے صوبہ بھرمیں کورونا وائرس کے حوالے سے ڈیوٹیاں دینے والے ملازمین کے کوروناوائرس کے ٹیسٹ کروانے کا حکم دیا تھا۔اب تک کروائے گئےٹیسٹوں میں موصول ہونے والے نتائج میں مریضوں کی تعداد557ہوگئی ہے۔ اب تک 146پولیس افسران اوراہلکارصحت یاب ہوچکےجبکہ 390مثبت ملازمین مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
واضح رہے 15ہزار870ہزارسے زائدپولیس ملازمین کےکوروناٹیسٹ اب تک مکمل کرلیے گئے ہیں۔ 3ہزار 97پولیس اہلکاروں کے کورونا ٹیسٹ کےنتائج کاانتظارہے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ ملازمین کابہترین علاج معالجہ کرایاجارہا ہے، کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ملازمین کو فی کس25ہزارامداددےرہےہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں کورونا وائرس کے 275نئے کیس رپورٹ ہوگئے، مصدقہ مریضوں کی تعداد18730 ہو گئی،لاہور میں کوروناوائرس کے28 نئے مریض سامنے آگئے، شہر میں کورونا وائرس کے 8805 مصدقہ مریض موجود ہیں جبکہ موذی وبا سے اب تک 123 اموات ہوچکی ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق 275نئے کیس عام شہریوں میں سامنے آئے ہیں۔پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک324 اموات ہو چکی ہیں۔صوبے بھر میں 197225 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، صوبے میں اب تک کورونا سے 5906 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ ملک میں اب تک کورونا سے مزید 36 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1123 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 53493 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرنےعوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فورا 1033 پر رابطہ کریں۔