یوم پاکستان، اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ

یوم پاکستان، اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42) پاک وطن، پاکستان!! ہماری آن شان اور ہمارا اعزاز!!!یوم پاکستان تجدید عہد کا دن، اسلام آباد شکر پڑیا ں میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب  ہوئی جس میں صدر مملکت عارف علوی ،وزیر اعظم عمران خان، غیر ملکی مہمانوں اورمسلح افواج کےسربراہان نے شرکت کی، تقریب میں  مسلح دستوں نے مارچ پاسٹ اور پاک فضائیہ کے طیاروں نے کرتب دکھائے۔

خدا کرے میری ارض پاک پر اُترے

وہ فصلِ گل جسے اندیشہ زوال نہ ہو

ملک بھر میں آج قومی جوش و جذبے سے یوم پاکستان منایا جارہا ہے، اس حوالے سے ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا، اسلام آباد  کے پریڈ گراؤنڈ میں یوم پاکستان کی پر وقار مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں چینی اور ترکی لڑاکا طیاروں ، آذربائیجان اور سعودی فوجی دستے بھی شریک ہوئے، ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

وزیراعظم عمران خان کے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد پہنچنے پر تمام مہمانوں نے اُٹھ کر تالیاں بجائیں اور ان کو خوش آمدید کہا، وزیراعظم کی آمد کے بعد ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کی پریڈ گراؤنڈ آمد ہوئی، ڈاکٹر مہاتیر محمد نے وزیراعظم عمران خان سے مصافحہ کیا۔

 صدرِ مملکت سمیت مہمانِ خصوصی کی آمد کے بعد گراؤنڈ میں قومی ترانہ  پڑھا گیا اور تلاوتِ کلام پاک کے بعد صدرِ مملکت عارف علوی کو مسلح افواج کے دستوں نے سلامی پیش کی اور صدر نے مسلح افواج کی پریڈ کا معائنہ کیا.

پاکستان آرمڈکورکے دستوں میں انفنٹری،آرٹلری اور انجنیئرنگ کور نےشاندار مارچ ماسٹ کیا،الضرار،البدر ٹینک نے سلامی دی اور توپخانے کے دستے نے بھی مارچ کیا،پریڈ میں غوری، شاہین ون، تھری، نصر اور بابر کروز میزائلوں کی نمائش بھی کی گئی، براق اور شہپر ڈرون نے بھی اونچی اڑان بھری۔

 یوم پاکستان پریڈ میں ملکی ثقافت کے رنگ چھا گئے، تقریب میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیراور چاروں صوبوں کے فلوٹس مرکز نگاہ رہے، روایتی دھنوں پر رقص اور فنکاروں نے شاندار پرفارمنس دکھائی۔

 صدرمملکت عارف علوی نے مشترکہ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم کو یوم پاکستان مبارک ہو، آزادی کا حصول قربانی کا متقاضی ہوتا ہے پاکستان آج ابھرتی ہوئی معاشی قوت ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانی ومالی قربانیاں دیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف مثالی کامیابی حاصل کی، دہشت گردی دنیا کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، ہم پر امن قوم ہیں اپنے دفاع سے ہرگز غافل نہیں اور تمام ممالک کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں،جنگ کی بجائے امن کی ضروت، اصل جنگ غربت اور افلاس کے خلاف ہے، لڑائی پر یقین نہیں رکھتے، پوری قوم کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں، آج کی پریڈ یہ پیغام دے رہی ہے کہ ہم پرامن ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھاکہ بھارت نے دھمکی آمیز بیانات سے جنگی فضا قائم کی اور عالمی قوانین کو پامال کیا، پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے جس پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، بھارتی جارحیت کا جواب دینا ہمارا فرض تھا، دہشتگروں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کو دہشتگردی کے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان ایک حقیقت ہے جسے دنیا تسلیم کرچکی ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں آزادی جیسی نعمت عطا کی،  جمہوری ملک ہونے کے ناطے پاکستان مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔

صدرمملکت عارف علوی کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھاکہ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانی ومالی قربانیاں دیں، افغانستان کے عوام طویل جنگ سے نجات چاہتے ہیں، پاکستان اس سلسلے میں اہم کردار ادا کررہا ہے، ترقی یافتہ پاکستان شہداء اور غازیوں کی وجہ سے بہترین ہے، اپنے خطاب میں صدر عارف علوی نے پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

واضح رہے کہ23 مارچ 1940ء کو لاہور کے منٹو پارک میں آل انڈیا مسلم لیگ کے تین روزہ سالانہ اجلاس کے اختتام پر وہ تاریخی قرارداد منظور کی گئی تھی جس کی بنیاد پر مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی اور سات برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی۔

Sughra Afzal

Content Writer