( رضوان نقوی ) کسٹمز میں وسیع پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کیلئے تجاویز مرتب، کسٹمز کے 162 افسران و اہلکاروں کو واپس ہوم سٹیشنز پر تعینات کرنے کی تجاویز بورڈ کو ارسال کردی گئیں۔
چند ماہ قبل کسٹمز کے گریڈ 16 تک کے 500 سے زائد ملازمین کے تقرر وتبادلے کردیئے گئے تھے۔ دور دراز علاقوں میں تعینات کئے گئے کسٹمز ملازمین کی کثیر تعداد نے واپس ہوم سٹیشنز پر تعیناتی کی درخواستیں دے رکھی تھیں، متعدد انسپکٹرز نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ بھی لے لی تھی۔
سنٹرل ریجن کے کلکٹرز نے ایک سو باسٹھ سپرانٹنڈنٹس، ڈپٹی سپرانٹنڈنٹس، انسپکٹرز، سپاہیوں اور ڈرائیورز کے تقرروتبادلہ کی تجاویز مرتب کرکے بورڈ کو بھجوادی ہیں۔
تقرروتبادلے کیلئے بھجوائی گئی فہرست میں لاہور سے دوسرے شہروں میں بھجوائے گئے تمام اہلکاروں کے نام بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ڈاکٹراحمد افنان کی ہداہت پر سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے ہربنس پورہ کے علاقے میں آپریشن کیا گیا-
مصطفی آباد اور رانی پنڈ میں تیرہ مرلے سرکاری اراضی پر غیرقانونی تعمیرات کو گرا کر قبضہ واگزار کروا لیا گیا-
ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کاشف جلیل کی سربراہی میں آپریشن کرکے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی۔