اپوزیشن کی منفی سیاست کا مقابلہ عوامی خدمت سے کرینگے: عثمان بزدار

اپوزیشن کی منفی سیاست کا مقابلہ عوامی خدمت سے کرینگے: عثمان بزدار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ(علی اکبر،قذافی بٹ ) اپوزیشن کے حکومت کے خلاف اکٹھ کے بعد حکومت نے بھی اپوزیشن سے نبٹنے کے لئے سرجوڑ لئے۔ گورنر ہاؤس میں پنجاب کے دوبڑوں کی ملاقات، اپوزیشن کے حکومت مخالف عزائم کو ناکام بنانے کاعزم کااعادہ کیاگیا۔ گورنر ہاؤس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی۔

ملاقات میں سیاسی اور حکومتی سمیت دیگر امور پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں گورنر اور وزیر اعلیٰ کے درمیان اتفاق کیا گیا کہ اپوزیشن احتجاج اور انتشار کی سیاست کے بجائے عام انتخابات کا انتظار کرے۔ملاقات میں اس بات کا عزم کیا گیا کہ عوامی خدمت کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کا مل کر مقابلہ کیا جائے گا ، انتشار اور مایوسی پھیلانے والے عناصر کو کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

ملاقات میںوزیر اعظم عمران خان کے ویزن کے مطابق صوبے میں ترقی خوشحالی اور عوام کو ریلیف یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا-ملاقات میںگورنر پنجاب نے انسداد کورونا کے لئے موثر اقدامات کو سراہتے ہوئے عید ، محرم اور مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی حکمت عملی طے کی گئی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ تنقید کرنے والے عناصر کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔ یہ عناصر عوام کی ترقی کا راستہ روکنے کے درپے ہیں ۔

شوبازی کا دور گزر چکا، اب صرف عوام کی خدمت پر فوکس ہے۔ـسابق حکمرانوں نے اپنے دور میں کرپشن کے مینار کھڑے کئے۔کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ ماضی میں غلط ترجیحات کی وجہ سے صوبے کے عوام کا بے پناہ نقصان کیاگیا۔ہم مل کر فلاح عامہ کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ اپنے دور میں عوام کی فلاح سے غافل حکمران آج پھر سازشیں کر رہے ہیں ۔

وزیر اعظم عمران خان کے دورمیں پاکستان کے وقار میں عالمی سطح پر اضافہ ہوا ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت وزیر اعلی آفس میں انسداد پولیو کیلئے خصوصی ٹاسک فورس کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انسداد  پولیو  کیلئے مربوط انداز میں مؤثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کو پولیو فری بناناہمارا مشن ہے۔پنجاب میں انسداد پولیو کی مہم میں کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

کورونا کے پیش نظر انسداد پولیو مہم کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ڈپٹی کمشنرز کواپنے اضلاع میں انسداد پولیو مہم کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پنجاب پولیو سے پاک چاہیے۔ انسداد پولیو سے متعلقہ اجلاس نہ کرنے پر بعض اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو وارننگ جاری کی گئی ہے۔ جس ضلع میں پولیو کیس سامنے آیااس ضلع کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کے خلاف ایکشن ہو گا۔

پولیوکیس سامنے آنے پر ڈپٹی کمشنرسے بھی جواب طلب کیا جائے گا جبکہ اچھی کارکردگی پر ڈپٹی کمشنرز اور پوری ٹیم کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اگر چہ صورتحال دوسرے صوبوں سے بہتر ہے لیکن انتظامیہ اور متعلقہ حکام انسداد پولیو کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ انسداد پولیو مہم کے دوران آئی جی پولیو ورکرز کو مکمل سیکورٹی فراہم کریں۔اجلاس میں 50 سال سے زائد عمر کے پولیو ورکرز کو فیلڈ ڈیوٹی سے استثنیٰ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں ارکان قومی اسمبلی ریاض فتیانہ اور راناقاسم نون نے ملاقات کی ۔جس میں باہمی دلچسپی کے امور، حلقوں کے مسائل اور فلاح عامہ کے منصوبو ں پر بات چیت کی گئی۔وزیر اعلیٰ نے ارکان قومی اسمبلی کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ارکان پنجاب اسمبلی کی طرح قومی اسمبلی کے ارکان کے حلقو ں کے مسائل حل کئے جائیں گے ۔

ارکان قومی اسمبلی بھی اسی طرح عزیز ہیں جس طرح ارکان پنجاب اسمبلی۔ ارکان اسمبلی سے کوآرڈینیشن مزید بہتر بنائیں گے ۔کسی کو منتخب نمائندوں کے جائز کام میں آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔صوبائی وزیر آشفہ ریاض بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

Shazia Bashir

Content Writer