( حافظ شہباز علی) بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے مطابق انہوں نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کو سخت الفاظ پر مشتمل خط ارسال کر کے ان سے پاکستان میں ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے کی وجہ پوچھی ہے کیونکہ پی سی بی اپنی ہوم سیریز بیرون ملک کھیلنے میں دلچسپی نہیں رکھتا لہٰذا بنگلہ دیشی بورڈ کو پاکستان آنے سے انکار کیلئے قابل قبول وجہ بتانی ہوگی۔
وسیم خان کے مطابق بی سی بی نے انہیں مطلع کیا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے پاکستان آسکتے ہیں لیکن فی الحال ان کا پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
وسیم خان کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے اور سیریز کیلئے آئی سی سی نے اپنے آفیشلز بھی پاکستان بھیجے ہیں تو بنگلہ دیش کے پاس کوئی جواز ہی نہیں ہے کہ وہ پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلنے سے انکار کرے کیونکہ آئی سی سی نے بھی ٹور کا سکیورٹی پلان قبول کیا ہے تاہم بی سی بی سے مذاکرات جاری رہیں گے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ نے بھارت جاتے ہوئے پاکستان میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے اور اس حوالے سے دونوں کرکٹ بورڈز کے حکام آئندہ چند روز میں تمام معاملات فائنل کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اپریل 2020ء میں جنوبی افریقی ٹیم کی بھارت کیخلاف سیریز طے ہے جس کے لیے بھارت جانے سے قبل پروٹیز ٹیم پاکستان میں تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل سکتی ہے.