( زاہد چوہدری ) شہر کے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ، چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں 4 اموات، 48 نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ 53 کورونا کنفرم مریض ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
کورونا کی شدت دوبارہ بڑھنے لگی ہے، لاہور میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 4 اموات کی تصدیق کردی گئی جبکہ 48 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔ شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی کورونا کے مریض بڑھ گئے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں 19 اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں 34 کنفرم مریض زیرعلاج ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔
کورونا وبا کے دوران لاہور میں اب تک کورونا سے 896 اموات ہوچکی ہیں اور 51 ہزار 87 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ پنجاب بھر میں بھی کورونا کے 108 مریض سامنے آئے ہیں اور 12اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔ صوبے میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 1760 اور 2310 اموات ہوچکی ہیں۔ پنجاب میں کورونا سے متاثر ہونے والے 97 ہزار 252 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔
ادھر لاہور ایئرپورٹ کے ڈپٹی ائیرپورٹ مینجر بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ محمد انور ضیاء کو فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا، ڈپٹی ایئرپورٹ مینجر کے ساتھ کام کرنے والے دیگر اہلکاروں کے بھی کورونا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئیں۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات سخت کردئیے گئے، ایک سے زائد وزیٹر پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
سی اے اے نے حکومت پاکستان کے احکامات کے تحت کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ضروری ہدایت نامہ جاری کردیا، جسکے مطابق ایئرپورٹ کی حدود میں ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا گیا۔ مسافروں کو لینے والے حضرات اپنی گاڑیوں میں ہی ان کا انتظار کریں گے۔ وزیٹر کو کنکورس ہال میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی اور ایئرپورٹ کی حدود میں سماجی فاصلے پر عمل درآمد ہوگا۔