(زین مدنی ) ٹی وی کی معروف اداکارہ شگفتہ اعجاز نے لوگوں کو کرونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔
شگفتہ اعجاز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ماسک پہنی ہوئی تصویر شیئر کی، انہوں نے اپنے مداحوں کو تاکید کی کہ وہ خوفزدہ ہونے یا حد سے زیادہ خود اعتماد بننے کے بجائے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے غیر ضروری طور پر اپنے گھروں سے نکلنا بند نہیں کیا، یاد رکھیں آپ کی صحت اور حفاظت پہلی ترجیح ہونی چاہیئے۔
ریسٹوران، مووی تھیٹرز اور مال وہیں اپنی جگہ پر موجود ہیں اور حالات بہتر ہوتے ہی کھل جائیں گے، شگفتہ اعجاز کا کہنا تھا کہ یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ اپنی اور اپنے اہلخانہ کی حفاظت کریں۔
اگر آپ نوجوان اور مضبوط ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ متاثر نہیں ہوسکتے، آپ وائرس ان افراد میں پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں جو کمزور قوت مدافعت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کرونا وائرس سے بچا کی اسٹینڈرڈ حفاظتی تدابیر دہراتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ گھر کے اندر وقت گزاریں، اپنے ہاتھوں کو بار بار دھوئیں اور چہرے کو نہ چھوئیں، سماجی طور پر اپنے آپ کو الگ تھلگ کرلیں اور اپنے آس پاس موجود افراد سے 3 فٹ کا فاصلہ رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ بخار، کھانسی، فلو اور سانس لینے میں تکلیف کا شکار ہیں تو ڈاکٹر سے رجوع کرنے میں بالکل نہ ہچکچائیں، شگفتہ اعجاز نے مزید کہا کہ دعا کریں کہ اللہ ہم سب کی اس مشکل وقت میں مدد کرے اور اس بیماری کا جلد خاتمہ کرے۔