(سعود بٹ) قومی احتساب بیورو نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سابق ایم ڈی وسیم اجمل کو ایک ارب سے زائد کی کرپشن میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو لاہور(نیب) نے ایل ڈبلیو ایم سی کے سابق ایم ڈی وسیم اجمل کو انکی رہائشگاہ سے گرفتار کرلیا، وسیم اجمل پر حکومتی خزانے کو ایک ارب کانقصان پہنچانے کا الزام ہے، ملزم وسیم اجمل نےغیرقانونی طور پر 2014 میں میسرز البیراک نامی کمپنی کو ویسٹ مینجمنٹ کا انتہائی مہنگے داموں ٹھیکہ دیا۔
نیب کے مطابق ملزم وسیم اجمل نے آپس کی ملی بھگت سے لیبر کاسٹ کی مد میں 1 ارب مالیت کی رقم کنٹریکٹرز کو ادا کرائی، جبکہ کنٹریکٹ کے مطابق لیبر کی مکمل رقم کنٹریکٹر کو علیحدہ سے واپس کی جانی تھی، ملزم کیجانب سے جعلی ایگزیمپشن کے طور پر 96 ہزار امریکی ڈالرز کی چھوٹ بھی دی گئی۔
نیب کے مطابق ملزم وسیم اجمل نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کمپنی سیکرٹری کی پوسٹ پرغیرقانونی بھرتی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا،ملزم وسیم اجمل کو جسمانی ریمانڈ کیلئے کل احتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔