‌شاپنگ مال اور ریسٹورنٹس کے حوالے سے فیصلہ کرلیا گیا

‌شاپنگ مال اور ریسٹورنٹس کے حوالے سے فیصلہ کرلیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی اکبر: پنجاب میں شاپنگ مال اور پلازے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ، فوڈکورٹ ، سٹال، ریسٹورنٹ، پلے رائڈ وغیرہ بند رہیں گی جبکہ ریسٹورنٹ عید کے بعد کھلیں گے، دن اور اوقات کا تعین بعد میں ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے کورنا کنٹرول کا اجلاس صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت ہوا  جس میں پنجاب میں شاپنگ مال اور پلازے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ فوڈکورٹ، سٹال، ریسٹورنٹ، پلے رائڈ وغیرہ بند رہیں گی۔ ریسٹورنٹ عید کے بعد کھلیں گے، دن اور اوقات کا تعین بعد میں ہوگا۔ دکانیں، کاروبار اور مارکیٹیں بھی صبح 9 بجے سے شام5 تک کھولی جائیں گی.

کورونا کی وجہ سے پولیس کے اہلکاروں کو دوران بیماری خصوصی الاؤنس جبکہ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو شہداء پیکج ملے گا جبکہ پرہجوم مقامات پر منہ اور ناک ڈھانپنا لازمی قرار دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ کورونا ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹروں اور ہیلتھ پروفیشنلز کا تعین کرنے کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہےاور یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ وائس چانسلر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی کی تصدیق پر کورونا ڈیوٹی کرنے والے ہیلتھ پروفیشنلز کو اضافی تنخواہ دی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز  سپریم کورٹ نے ہفتے اور اتوار کو بھی ملک کی تمام چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ نے ملک میں شاپنگ مالز کھولنے کا بھی حکم دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ چھوٹے دکانداروں کو کام کرنے سے نہ روکیں۔آپ دکانیں بند کریں گے تو دکاندار کرونا کے بجائے بھوک سے مرجائے گا۔کیا وبا نے حکومت سے وعدہ کررکھا ہے کہ وہ ہفتہ اتوار کو نہیں آئے گی۔کیا حکومتیں ہفتہ اتوار کو تھک جاتی ہیں یا ہفتہ اتوار کو سورج مغرب سے نکلتا ہے۔ چیف جسٹس نے کمشنر کراچی کو دوکانیں اور مارکیٹیں سیل کرنے سے روک دیا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تاجروں سے بدتمیزی کرنی ہے نہ رشوت لینی ہے۔دکانیں سیل کرنے کے بجائے ایس او پیز پر عمل کرائیں.