(سعید احمد سعید) پاکستان ریلوے نے 22مارچ سے ریلوے آپریشن محددو کرنےکافیصلہ کرلیا، بارہ ٹرینیں غیرمعینہ مدت کے لیےمعطل کردی گئیں۔
وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کے پیش نظرٹرین آپریشن محدود کرنےکا فیصلہ کیاگیا، نوٹیفیکیشن کےمطابق 22 مارچ سے پشاور،کراچی کے درمیان چلنے والی خوشحال خاں خٹک ایکسپریس،لاہور کوئٹہ کے درمیان چلنے والی اکبرایکسپریس،سندھ ایکسپریس،لاہورشورکوٹ کے درمیان چلنے والی راوی ایکسپریس،دھابیجی،میرپورخاص کے درمیان چلنے والی شاہ لطیف ایکسپریس اور روہی پسنجر ٹرین کو بند کرنےکا فیصلہ کیا ہے، جن مسافروں نے ان ٹرینوں میں ایڈوانس بکنگ کرائی ہےاُنہیں مرضی کےمطابق دوسری ٹرینوں میں سفرکی سہولت دی جائے گی، بصورتِ دیگرٹکٹ ریفنڈ بھی کردیاجائےگا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلےمیں میل و ایکسپریس ٹرینیں بند کرنے پر غور شروع، مزید ٹرینوں کی بندش کاحتمی اعلان 22 مارچ کے بعد کیا جائے گا۔
یاد رہے سٹی 42 نے اس خبر کو دو روز قبل بریک کیا تھا(کرونا وائرس ٹرینوں پر بھی اثر انداز، ملک بھر میں ٹرین آپریشن بند کرنے پر غور)
دوسری جانب پاکستان ریلوے نے کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظربڑے شہروں سے اضافی رش کو کم کرنے کے لیے شہروں کے اندر اور باہر مختلف اسٹیشنو ں پر سٹاپ دینے کا فیصلہ کیاہے۔ ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر رکنے کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔
لاہور ریلوے ہیڈکوارٹر سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق کراچی، کوئٹہ ملتان سے لاہور آنے والی تمام اپ ٹرینوں کو لاہور کینٹ، والٹن اور کوٹ لکھپت ریلوے اسٹیشن پر رکنے کی اجازت دے دی گئی، کراچی کی تمام اپ اینڈ ڈاﺅن ٹرینوں کو لانڈھی ، ڈرگ روڈ، ملیرسٹی ریلوے اسٹیشن پر دو منٹ کے سٹاپ کی اجازت دی ہےجبکہ راولپنڈی کی تمام اپ ٹرینوں کو چکلالہ ریلوے اسٹیشن پر 2منٹ کے لیے رُکنے کی اجازت دی ہے۔ اس فیصلے پر فوراً عملدرآمد ہوگا۔