بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز، تربیتی کیمپ کیلئے 19 ممکنہ کھلاڑیوں کو طلب کرلیا گیا

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز، تربیتی کیمپ کیلئے 19 ممکنہ کھلاڑیوں کو طلب کرلیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حافط شہباز علی)آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن میں شامل بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا آغاز پیر سے ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تربیتی کیمپ کے لیے 19 ممکنہ کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں طلب کرلیا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑیوں میں اظہرعلی کپتان، اسد شفیق، عابدعلی، بابراعظم، بلال آصف، فوادعالم، فہیم اشرف،حارث سہیل،امام الحق،عمران خان سینئر، کاشف بھٹی، محمد عباس ، محمد رضوان، وکٹ کیپر، موسیٰ خان ، نسیم شاہ ، شاہین شاہ آفریدی ، شان مسعود ، یاسر شاہ اور عثمان شنوای شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کے باعث بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ 28 جنوری کو کیمپ جوائن کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت کرنے والے تمام 16 کھلاڑیوں کے علاوہ موسیٰ خان، فہیم اشرف اور بلال آصف کو ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ میں طلب کیا ہے۔ قائد اعظم ٹرافی کے حالیہ سیزن میں 42وکٹیں حاصل کرنے والے بلال آصف کو ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرتربیتی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف کو فٹنس کی مکمل بحالی کے بعد قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر کیمپ میں شامل کیا گیا ہے۔ موسیٰ خان سری لنکا کے خلاف قومی ٹیسٹ سیریز کا حصہ نہیں تھے مگر وہ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وقار یونس کے ہمراہ ٹریننگ کرتے رہے۔ راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد کیا جائے گا۔

Malik Sultan Awan

Content Writer