(علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی کی زیرصدارت اجلاس،سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی مینجمنٹ ماڈل اپنانےکی منظوری، ایمرجنسی کومکمل طورپرالگ شعبہ قرار دینے کی تجویز، انستھیزیا لوجسٹ کی خالی اسامیوں پر بھی بھرتیاں ہوں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے صحت کے حوالے سے اہم اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے ہسپتالوں میں ایمرجنسی مینجمنٹ ماڈل اپنانے، ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں ڈسپوزایبل بیڈ شیٹ کے استعمال کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی ڈیوٹی ڈاکٹرز کو خصوصی الاؤنس دینے کے فیصلے کی بھی توثیق کردی جبکہ پنجاب میں انستھیزیا کی خالی اسامیوں پر بھرتی اور وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے نئے بورڈ آف گورنر کی منظوری دے دی۔
چودھری پرویز الہٰی نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ایمرجنسی ڈیوٹی سرانجام دینے والے ڈاکٹرز اور سٹاف کو خصوصی مراعات دیں گے۔وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹرز کو آمدورفت اوررہائش کی سہولتیں دیں گے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،سابق چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سلمان غنی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمدخان بھٹی ،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ،سیکرٹری ہیلتھ،سیکرٹری خزانہ،ڈی جی ریسکیو1122 ڈاکٹر رضوان نصیرنے شرکت کی۔