(حافظ شہباز)کورونا کے بڑھتے کیسز ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے تمام دفاتر بدھ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے دفاتر کی بندش کا فیصلہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث کیا گیاہے ،گزشتہ ہفتے کے دوران پی سی بی کے پانچ ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ،،کورونا وائرس کے سبب پی سی بی کے 70 فیصد ملازمین پہلے ہی گھروں سے کام کررہے ہیں، پچاس سال سے زائد عمر کے ملازمین بھی گھروں سے کام کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ،بدھ تک بورڈ کے تمام دفاتر بند رہیں گے، اس دوران دفاتر میں ضروری سپرے وغیرہ کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر مزید تیزہو گئی ہے، شہر میں کورونا مزید47 زندگیاں نگل گیا،24 گھنٹوں میں کوروناکے1748 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ، ہسپتالوں میں کورونا کے1255 مریض زیر علاج ہیں اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کی ہسپتال میں موجودگی کے باعث بستر کم پڑ گئے۔
رپورٹ کے مطابق 817مریض سرکاری ہسپتالوں میں جبکہ438 پرائیویٹ ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔92 فیصدآئی سی یو اورایچ ڈی یو80 فیصد کوروناکے مریضوں سے بھر گئے ہیں،239 کورونا کے مریضوں کی حالت تشویشناک بیان کی گئی ہے جنہیں و ینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔