(زاہد چوہدری) کورونا مریضوں کیلئے فائدہ مندہونے کے انکشاف پرانجکشن ڈیکسا میتھاسون بھی شارٹ ہو گیا، ڈسٹری بیوٹرز نے جزوی طور پر سپلائی روک دی، برطانوی تحقیق سامنے آنے پرانجکشن کی طلب میں اچانک اضافہ ہوگیا،بلیک میں فروخت سےقیمت بڑھنے کا خدشہ بھی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق انجکشن ڈیکسامیتھاسون برطانوی تحقیق سے قبل بھی کورونا کے درمیانے اور شدید درجہ کے بیمار مریضوں کو دیا جارہا تھا۔ڈیکسامیتھاسون میڈیسن مارکیٹ میں وافر مقدار میں دستیاب تھی، تاہم برطانوی تحقیق سامنے آنے پر انجکشن کی اچانک طلب بڑھنے سے اس کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ ڈسٹری بیوٹر نے بھی سپلائی کو محدود کر دیا ہے ۔ فارمیسیز اور میڈیکل سٹورز کو مطلوبہ مقدار میں انجکشن دینے کا سلسلہ فی الحال روک دیا گیا ہے ۔ انجکشن ڈیکسامیتھاسون کےبحران کے باعث انجکشن کی بلیک میں فروخت سے قیمت میں اضافے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے ۔
یاد رہے اس سے قبل برطانیہ میں ماہرین نے مہلک وائرس کے خلاف جنگ میں کم مقدار والی سٹیرائڈ دوا ڈیکسامیتھازون سے کامیاب علاج کو موثر قرار دیا،ماہرین کا کہناتھا کہ کورونا وائرس سے شدید بیمار مریضوں کی زندگی ایک سستی اور وسیع پیمانے پر دستیاب دوا سے بچائی جا سکتی ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ ڈیکزامتھیون کورونا کے خلاف پہلا علاج ہے ، دوا سے کورونا سے اموات میں کمی ہوگی دوا صرف آکسیجن اوروینٹی لیٹرزپر موجود مریضوں کے لئے ہے دیگراستعمال نہیں کرسکتے، یوکے میں ڈیکزامتھیون کے مثبت اور موثر نتائج سامنے آئے۔عالمی ادارہ صحت نے اسےاہم پیشرفت قراردیا۔
معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا نے اپنے ٹو یٹ میں بتایاکہ کورونا سے متاثرہ مریضوں پرڈیکسامیتھون کے مثبت اثررپورٹ ہوا ، یوکے میں ڈیکزامتھیون سے نتائج مثبت آئے ڈیکزامتھیون کورونا کے خلاف پہلا علاج ہے ، انہوں نے توقع ظاہرکی کہ دوا سے کورونا سے اموات میں کمی ہوگی یہ پرانی اورسستی اینٹی سوزش والی دوا ہے.
پاکستان میں ایک سے زائد پروڈیوسر ہیں تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ یہ دوا صرف آکسیجن اوروینٹی لیٹرز پر موجود مریضوں کیلئے ہے ڈاکٹرز کے مشورہ کے بغیر دوا اکا استعمال نہ کریں۔