(راﺅ دلشاد) شہر میں مویشی منڈیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز مسترد،7 مویشی منڈیوں کو 2 اگست تک فعال کرنے کا فیصلہ، کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر آصف بلال لودھی نے مثالی مویشی منڈیوں کے قیام کا اعلان کردیا۔
ٹاؤن ہال میں مویشی منڈیوں کے قیام کے حوالے سے اجلاس ہوا، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن کا کہنا تھا کہ 7 مویشی منڈیوں کیلئے 15 کروڑ مختص ہیں، شاہ پور کانجراں ملتان روڈ، رنگ روڈ لکھو ڈیر سبزی منڈی، پنجاب ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی فیز ٹو، ڈی ایچ اے رہبرفیز الیون ہلوکی ڈیفنس روڈ، ڈی ایچ اے فیز نائن بالمقابل ہڈیارہ ڈرین نشاط مل، حضرت عثمان غنی روڈ سگیاں، حضرت علی روڈ سگیاں میں مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی۔
منڈیوں میں پانی، لائٹس، سکیورٹی، ٹینٹس، پبلک ٹوائلٹس، شکایات سنٹرز کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جانوروں کی ویکسینیشن کیلئے محکمہ زراعت کا عملہ بھی موجود ہوگا۔
کمشنرلاہورآصف بلال لودھی نے ضلعی انتظامیہ کی منڈیوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی، انکا کہنا تھا کہ اس سے اخراجات میں اضافہ ہوگا, انہوں نے سہولیات کے عوض بیوپاریوں سے کسی قسم کے چارجز وصول نہ کرنے اور منڈیوں کو 2 اگست تک فعال کرنے کی ہدایت کی، انتظامیہ نے گزشتہ برس سے کم فنڈز خرچ کرنے اور مثالی منڈیوں کے قیام کا دعویٰ کیا ہے۔