(جنید ریاض) گورنمنٹ جونیئرماڈل سکول ماڈل ٹاؤن کے ہیڈ ماسٹر ریاض مغل کیخلاف خواتین اساتذہ اور سٹاف نے روڈ بلاک کر کے شدید احتجاج کیا، طلبا نے بھی کلاسز کا بائیکاٹ کر کے بھرپور حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے گورنمنٹ جونیئر ماڈل سکول ماڈل ٹاؤن کے ہیڈ ماسٹر ریاض مغل کو آٹھ جنوری کو معطل کر دیا تھا۔ معطل ہونے کے باوجود ہیڈ ماسٹر ریاض مغل اپنے عہدے پر غیرقانونی طور پر براجمان ہے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے گل ناز اور ثریا عندلیپ کو معطل کر دیا، جس پر اساتذہ نے ماڈل ٹاؤن روڈ بلاک کر کے شدید احتجاج کیا، احتجاج کے باعث ٹریفک جام رہی۔ طلبا بھی کلاسز سے باہر نکل آئے اور ہیڈ ماسٹر کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اساتذہ کا کہنا تھا کہ ہیڈ ماسٹر ریاض مغل خواتین کو ہر وقت ہراساں کرنے کی کوششیں کرتا تھا اور بات نہ ماننے پر انتقامی کارروائی شروع کر دیتا تھا۔
سی ای او ایجوکیشن زاہد بشیر گورائیہ کی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی پر اساتذہ نے احتجاج ختم کر دیا۔ زاہد بشیر گورائیہ کا کہنا تھا کہ انکوائری کی جارہی ہے جس کے بعد ہیڈ ماسٹر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔