(ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس سروس کا افتتاح کرتے اعلان کیا کہ رمضان میں مفت سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے دوسرے میٹرو منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے، اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی ملکی معیشت کیلئے بڑا چیلنج ہے، سابق حکومت کو غریب سے کوئی غرض نہیں تھی، بدقسمتی سے ملکی اخراجات قرضوں پر چل رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو یہ تحفہ نواز شریف نے 2017 میں دیا، اس منصوبے کو 2018 میں آپریشنل ہونا تھا۔حکومت بدلنے پر یہ منصوبہ بھی دیگر کی طرح تاخیر کا شکارہوا، منصوبے کا اصل تخمینہ 16 ارب تھا، منصوبےمیں تعطل کی کوئی وجہ نہیں تھی۔
منصوبے کے لئےفنڈز موجود تھے،کمی تھی تو کام کرنے کی، ان کو عوام کا درد ہوتا تو یہ منصوبہ 4 سال تو کیا 4 گھنٹے بھی تاخیر کا شکار نہ ہوتا،بدقسمتی سے ملکی اخراجات قرضوں سے چلا رہے ہیں۔سابق وزیراعظم کے پاس ہیلی کاپٹر، وزرا کے پاس بلٹ پروف گاڑیاں تھیں، سابق حکمرانوں کو عوام سے کوئی غرض نہیں تھی، ان کو کیا غرض تھی کہ غریب کے بچے نے سکول جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے وزیراعظم بننے سے سابق وزیراعظم کو گھبراہٹ تو ہو گی لیکن عوام کی گھبراہٹ اب ختم ہو گئی ہے، اب ہم ساری جماعتیں دن رات محنت اور لگن سے عوامی فلاح کے لیے کام کریں گے اور اگر سابق وزیراعظم کو گھبراہٹ ہوتی ہے تو ہو لیکن میں اسی رفتار سے کام کروں گا جس کا میں عادی ہوں، رمضان میں مفت سروس کی سہولت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔