( عمران یونس، قذافی بٹ ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا ٹیلی فونک رابطہ، ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان کورونا وائرس کے پھیلاؤ، مریضوں کی تعداد، ملکی معاشی صورتحال اور اس ضمن میں حکومتی اقدامات پر با ت چیت ہوئی۔
سراج الحق نے چوہدری شجاعت کو جماعت اسلامی کی کورونا وباء میں جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال میں جماعت اسلامی کی امدادی سرگرمیوں کو سراہا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اعجازاحمدچوہدری سے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کی ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے موجودہ ملکی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اعجازاحمد چوہدری نے کہاکہ ریاست کی سب سے پہلی ذمہ داری ہے کہ وہ کمزور طبقے کا بھر پور خیال رکھے، احسا س پروگرام کے ذریعے لاکھوں خاندانوں کی مد د کی جاچکی ہے۔یہ ریاست مدینہ کی جانب پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج ہے، مخیر حضرات کو چاہئے کہ وہ آگے بڑھ کر اس مشکل گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کریں، کرونا کیخلاف وزیر اعظم عمران خان کے اقدامات مثالی ہیں۔
اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ حکومت لاک ڈاؤن میں عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔عوام کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں گے، کورونا وائرس سے نجات کے لیے قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔
خرم نواز گنڈا پور کا کہناتھا کہ عوام کو حکومت کا ساتھ دینا ہو گا ، احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ہی کورونا وائرس کو شکست دی جاسکتی ہے۔