ویب ڈیسک: وزیرماحولیات پنجاب محمد رضوان نے ڈپٹی ڈائرکٹرایف آئی اے سائبر کرائم کو سموگ کے حوالے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر غیر مصدقہ خبروں کی اشاعت سے پاکستان کا تاثر خراب کرنیوالے بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کے لئے خط لکھ دیا۔
16 نومبر 2021 کوڈائرکٹر/ ڈپٹی ڈائرکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم کو بطور وزیر ماحولیات پنجاب تحریرکردہ ڈی او لیٹر میں کہا گیا ہے کہ کچھ بدعنوان عناصر اپنے مذموم مقاصد پورا کرنے کے لئے محکمہ تحفظ ماحول کے طرف سے لاہور کے ائیر کوالٹی انڈکس کے حوالے سے مصدقہ اعداد وشمار کی بجائے مختلف غیر مصدقہ ذرائع سے حاصل کردہ ڈیٹا پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر شائع کررہے ہیں ۔
کسی بھی شخص یا کمپنی کو محکمہ تحفظ ماحول کی طرف سے پیشگی اجازت کے بغیر سوشل میڈیا یا انٹرنیٹ پر ائیر کوالٹی انڈکس کے اعدادوشمار کو پوسٹ کرنے سے روکا جائے اور خلاف ورزی پر اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ خط کی ایک کاپی مزید کارروائی کے لئے محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کو بھی بھیجی گئی ہے۔
یاد رہے اس سے قبل وزیر ماحولیات محمد رضوان نے سموگ کو آلودگی قرار دیدیا، وزیر ماحولیات پنجاب محمد رضوان نے کہا کہ تنقیدکرنے والے سن لیں کہ گزشتہ دو سال اسموگ نہیں تھی، گزشتہ دو سال ایک سیکنڈ بھی اسموگ نہ ہونے کی وجہ کورونا لاک ڈاؤن تھا، سچی بات یہ ہے کہ دو سال موسم بھی اچھا تھا، اسکول دفاتر بھی بند تھے۔
دوسری جانب حکومت پنجاب نے اسموگ کو آفت قرار دے دیا ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اسموگ کو آفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اینٹی اسموگ اسکواڈ قائم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی آلودگی پر بھی کبھی کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی لیکن ہماری حکومت اس معاملے پر کام کر رہی ہے۔