نشتر پارک ( حافظ شہبازعلی) سری لنکا اور پاکستان اے کے درمیان سیریز ملتوی، پی سی بی نے مستقبل کے چیلنجز کی تیاری کیلئے ابھرتے ہوئے کرکٹرز پر مشتمل سکواڈ جون میں سری لنکا بھجوانے کا فیصلہ کیا تھا۔
کورونا کی وجہ سے سیریز ملتوی ہونے کے بعد 3 ون ڈے اور 2 چار روزہ میچز ری شیڈول کرتے ہوئے جولائی میں کرانے کا پلان بنایا جا رہا تھا مگر بھارتی ٹیم کا دورہ سری لنکا آڑے آگیا، سری لنکن بورڈ کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے کیلئے آرہی ہے، کورونا کی موجودہ صورتحال میں بیک وقت 2 ٹیموں کی میزبانی غیر دانشمندانہ اور غیر محفوظ قدم ہوگا۔
ایک اور آفیشل نے کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں لاک ڈائون کا نفاذ اور مختلف طرح کی پابندیاں عائد ہیں، اس صورتحال میں میں پاکستان اے ٹیم کے دورے پر شکوک کے بادل موجود ہیں، مجھے کوئی امید نظر نہیں آرہی کہ بورڈ کی جانب سے سیریز کیلئے گرین سگنل دیا جائے گا۔
دوسری جانب لنکن پریمیئر لیگ 30 جولائی سے 22اگست تک کرانے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارت کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز 13 سے 25 جولائی تک مکمل ہوں گے،ا س کے بعد ایل پی ایل شروع ہوگی، اس لیے پاکستان اے ٹیم سے سیریز ملتوی کرتے ہوئے نئی تاریخوں کے بارے میں غور کیا جائے گا۔