لاہور (24 نیوز) آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے نیب پنجاب نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو طلب کرلیا۔ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی اور ایل ڈی اے کے افسروں کے بیانات کی روشنی میں ایک ارب کی مبینہ خوردبرد کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن پر تحقیقات کا آغاز کیا تھا جس کے تحت پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پیراگون انتظامیہ اور لاہور کاسہ ڈویلپرز انتظامیہ سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے جن کے بیانات کی روشنی میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی تحقیقات کے لئے بائیس جنوری کو طلب کیا گیا ہے۔
نیب لاہور کے نوٹس کے مطابق شہباز شریف نے اسکیم کا ٹھیکہ دینے کے لیے پی ایل ڈی سی پر خلاف قانون دباؤ ڈالا اور کامیاب بولی دینے والی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کر کے آشیانہ انتظامیہ اور لاہور کاسہ ڈویلپرز کو دینے کا حکم دیا جس سے سرکاری خزانہ کو 19 کروڑ کا نقصان پہنچا۔
نوٹس کے مطابق شہباز شریف نے ایل ڈی اے کے ذریعہ کاسہ ڈویلپرز سے کام کرانے کی ہدایت کی جس سے 71 کروڑ کا نقصان پہنچا جبکہ آشیانہ اقبال کی کنسلٹنسی کے لیے 19 کروڑ کا ٹھیکہ ایم ایس انجیئنرنگ کنسلٹنسی سروسز کو دینے کی ہدایت کی جس سے سرکاری خزانہ کو ساڑھے 3 کروڑ کا نقصان پہنچا۔