پنجاب پولیس کا کارنامہ، اہلکاروں کو دیئے گئے بریٹا پسٹلز بوگس نکلے

پنجاب پولیس کا کارنامہ، اہلکاروں کو دیئے گئے بریٹا پسٹلز بوگس نکلے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی ساہی) پنجاب پولیس کا کارنامہ، قربان لائن میں اہلکاروں کو دیئے گئے 245 بریٹا پسٹلز میں سے 119 بوگس نکلے۔ سپیشل برانچ کی جانب سے رپورٹ مرتب کرکے آئی جی پنجاب کو پیش کردی گئی۔

زمانہ بدل گیا لیکن پنجاب پولیس نے اپنی روش نہ بدلی، قربان لائن میں پولیس اہلکاروں کو 245 بریٹا پستول دیئے گئے تھے۔ شک کی بنا پر چار پستول فرانزک لیبارٹری بھجوائے گئے۔ رپورٹ کے مطابق چاروں پستول خراب نکلے، جس پر مزید پسٹلز چیک کیے گئے تو 115 بوگس نکلے۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے ان سے پولیس اہلکاروں کی جانوں کو خطرہ ہے۔ ان پسٹلز کے بوگس ہونے کی وجہ سے نتائج حاصل نہیں کیے جاسکیں گے۔

اس حوالے سے چند روز قبل آئی جی پنجاب نے رپورٹ پر ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ برانچ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایات جاری کی کہ جو بھی عناصر اس میں شامل ہیں انکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ متعلقہ برانچ کا کہنا ہے کہ اگر انفرادی طور پر پستول تبدیل کیے گئے ہیں یا کمپنی کی جانب سے بوگس پستول فراہم کیے گئے ہیں دونوں صورتوں میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اس سے قبل بھی تین سو سے زائد پسٹلز کے پرزہ جات تبدیل کیے گئے تھے جس کی انکوائری افسران کی عدم دلچسپی کے باعث التوا کا شکار ہے۔