(سٹی 42) باغوں کے شہر لاہور میں دھند نے ڈیرے ڈال لیے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ، محکمہ موسمیات نے شدید سردی کی لہر جمعہ تک برقرار رہنے کی پیشگوئی کردی۔
صوبائی دارالحکومت میں خون جما دینے والی سردی پڑنے لگی، شدید سردی اور دھند سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے، دھند کے باعث موٹروے ایم تھری کو لاہور سے سمندری تک ہر قسم کی ٹریفک کےلیے بند کردیا گیا جبکہ ائیرپورٹ کے اطراف میں دھند سے رن وے پر حد نگاہ کم ہونے سے پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا، شہر کے خارجی و داخلی راستے بھی دھندلے پڑ گئے، لاہور کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر اور تیز رفتاری سے اجتناب کرنے اور دوران ڈرائیونگ فو گ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کردی، موٹروے پولیس کے مطابق شہری سفر شروع کرنےسے پہلے ہیلپ لائن 130سےمدد لیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر کا آج درجہ حرارت کم سے کم 2 اور جبکہ زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70فیصد ہے، آئندہ دو روز تک موسم مزید سرد ہونے کیساتھ شہر میں دھند برقرار رہنے کا امکان ہے، لاہور بدستور سرد مغربی ہواؤں کے باعث شدید سردی کی لپیٹ میں ہے ، جس میں کمی کا فی الحال کوئی امکان نہیں ۔