قیصر کھوکھر: وزیر اعظم کی مداخلت پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مشکل فیصلہ، وزیر اعلیٰ نے وفاقی حکومت کے دباؤ پر طاہر خورشید کو تبدیل کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید کو مختلف الزامات کے باعث پنجاب میں نہیں رکھا گیا۔ طاہر خورشید کے پنجاب میں نہ ہونے کے باوجود ’’ٹی کے گروپ‘‘ مضبوط ہے۔ طاہر خورشید کے تبادلے کے بعد ’’ٹی کے گروپ‘‘ کے ممبر ہی کو پرنسپل سیکرٹری لگا دیا گیا ہے۔ عامر جان کو پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ تعینات کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کو طاہر خورشید کی موجودگی میں محتاط ہو کر کام کرنا پڑتا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طاہر خورشید کیخلاف نیب انکوائری بھی تبادلے کی وجہ بنی ہے۔ ادھر بیوروکریسی میں طاہر خورشید کے تبادلے پر چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز طاہر خورشید کے داماد کا وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی لگنا اور ساتھ ہی طاہر خورشید کا تبادلہ افسران میں زیر بحث ہے۔
بیوروکریسی میں طاہر خورشید کے تبادلے پر ہلچل مچی ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے طاہر خورشید کے تعلقات اب بھی اچھے ہیں۔ طاہر خورشید کو تبدیل کرکے عامر جان کو پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلی لگایا گیا ہے۔ عامر جان کو سیکرٹری انرجی کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔جبکہ اس کے علاوہ سارا اسلم کو سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کا اضافی چارج دینے کی اطلاع بھی موصول ہوئی ہے۔