(سعید احمد سعید) وزارت ریلوے کا بھارت جانے والی سمجھوتہ اور تھر ایکسپریس کا آپریشن معطل رکھنے کا فیصلہ برقرار، وزارت ریلوے نے ریلوے لاہور اور کراچی ڈویژن کو ہدایات جاری کر دیں۔
وزارت ریلوے کی جانب سے دونوں ٹرینوں کی معطلی کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق سمجھوتہ ایکسپریس اور تھر ایکسپریس ٹرین آپریشن تاحکم ثانی معطل رہے گا، سمجھوتہ ایکسپریس لاہور سے اٹاری اور تھر ایکسپریس کراچی سے مونا باﺅ کے درمیان چلتی تھیں، سمجھوتہ ایکسپریس پیراور جمعرات کو لاہور اٹاری روانہ ہوتی تھی، جبکہ تھر ایکسپریس ہر جمعہ کو کراچی سے مونا باﺅ کیلئے روانہ ہوتی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیر ریلوے کی جانب سے ٹرین سروس بند کرنے کے اعلان پر انڈین ریلوے نے ٹرین آپریشن بند کرنے کے فیصلے کو واپس لینے کی اپیل کی تھی، جس کو ریلوے حکام نے مسترد کرتے ہوئے تاحکم ثانی ٹرین کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔