(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ فرنٹ لائن ورکرز کی مدد ہماری ترجیحات میں اولین رہی ہیں اور اب ہم نےاین ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر ایک ایسا نظام مرتب کیا ہے کہ ذاتی تحفظ کے سامان (پی پی ایز) کو براہ راست 400 سے زیادہ ہسپتالوں میں پہنچایا جارہا ہے۔
پریس کانفر نس میں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم نے تمام صوبائی وزرائے صحت کے ساتھ ، پاکستان میڈیکل بورڈ مل کر قومی سطح پر ایک پروگرام تشکیل دیا ہے، جس کا نام وی کیئر یعنی ہمیں آپ کا خیال ہے رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 5 صف اول کی طب کی جامعات کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے اور 4 ہفتوں میں اس تربیت کا پہلا مرحلہ پورا کریں گے۔
کورونا وائرس کے علاج میں موثر نتائج دینے والی دوا سے متعلق معاون خصوصی نے بتایا کہ ابھی تک اس کی ویکسین یا مؤثر علاج نہیں تاہم ایک دوا ایسی ہے جس کے کلینکل ٹرائل کے مؤثر نتائج آئے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اس کمپنی کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی اور ہمارے یہاں ایک کمپنی نے امریکی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا اور اب صورتحال یہ ہے کہ پوری دنیا میں صرف 6 کمپنیاں اس دوائی کی تیاری کریں گی جس میں ایک پاکستانی کمپنی ہوگی۔
ظفر مرزا کے مطابق یہ کمپنیاں نہ صرف اس دوا کی پیداوار کریں گی اور ملک کی کورونا وائرس کی ضروریات کو پورا کریں گی بلکہ پاکستان سے یہ 127 ممالک میں برآمد بھی کی جائے گی جو ایک بہت بڑی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ان 3 ممالک میں سے ایک ہے جو اصل میں اس دوا کو تیار کرے گا۔دوران گفتگو معاون خصوصی نے کہا کہ ہم اب اس بات کی پابندی لگا رہے ہیں اور نوٹیفکیشن جاری کر رہے ہیں کہ ماسک پہننا ضروری ہے اور اب اس میں سختی لائی جارہی ہے۔