(زاہد چودھری) پنجاب کے 13 ٹیچنگ ہسپتالوں میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا عہدہ خالی، لاہور کے سروسز ہسپتال، لیڈی ولنگڈن ہسپتال، نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ، کوٹ خواجہ سعید اور ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ میں ایم ایس کےعہدے خالی ہیں، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے ایم ایس تعینات کرنے کیلئے 20 مارچ تک درخواستیں طلب کر لیں۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کی عدم توجہی کے باعث لاہور سمیت صوبے بھر کے 13 ٹیچنگ ہسپتالوں میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی سیٹیں خالی پڑی ہیں اور عارضی چارج سونپ کر نظام چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لاہور کے پانچ ٹیچنگ ہسپتالوں کے علاوہ ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ، وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، سردار بیگم ہسپتال سیالکوٹ، ہولی فیملی ہسپتال، بینظیر بھٹو شہید ہسپتال اور ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی، حاجی عبدالقیوم ہسپتال ساہیوال اور سول ہسپتال بہاولپور میں ایم ایس کی سیٹیں بھی خالی پڑی ہیں، ایم ایس کی خالی سیٹوں پر تعیناتی کیلئے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کو موزوں انتظامی ڈاکٹرز کی تلاش ہے۔