(24نیوز) 52سے زائدسینٹرز اپنی 6سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد مارچ میں ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔
سینیٹ کے انتخابات قریب آتے ہی تمام سیاسی جماعتوں نے مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا ہے جبکہ حکومت نے سینیٹ انتخابات مارچ کی بجائے فروری میں شو آف ہینڈ کے ذریعے کرانے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سینٹ کے آئندہ سال انتخابات میں ممکنہ طورپرپی ٹی آئی کو پہلی بار اکثریت مل جائے گی۔
پچیسویں آئینی ترمیم کے بعد قبائلی اضلاع کی نشستوں پر انتخابات نہیں ہو ں گے،اس طرح سینیٹ کی نشستیں کم ہو کر 26رہ جائیں گی جبکہ 2024میں فاٹا کے موجودہ سینٹرز کی ریٹائرمنٹ کے بعدسینیٹ کا ٹو ٹل ایوان 96ممبران پر مشتمل ہوگا۔
مارچ میں ایوان بالا سے ریٹائرڈ ہونے والوں میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رحمان ملک ، پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما سینیٹرمشاہد اللہ خان،سینیٹر ستارہ ایاز ، پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز ذیشان خانزادہ، نعمان وزیر خٹک، محسن عزیز، لیاقت خان ترکئی، سینیٹر تاج محمد آفریدی ،حاجی مومن آفریدی سمیت دیگر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق فاٹا کی 8نشستوں کو چاروں صوبوں میں تقسیم کرنے پر بھی غور جاری ہے، قبائلی اضلاع خیبر پختونخوا میں ضم ہونے کے بعد آٹھوں نشستوں میں خیبرپختونخوا کو ممکنہ طور پر چار نشستیں دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
دوسری طرف حکومت نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سینیٹ انتخابات مارچ کی بجائے فروری میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے،اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات شو آف ہینڈ کے ذریعے کروائے جائیں گے۔