( فاران یامین ) بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے پیپلز پارٹی متحرک، لاہور میں بھی بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے عزیز الرحمن کی زیرصدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
بلدیاتی انتخاب کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی الیکشن میں بھر پور شرکت کرے گی۔ آصف زرداری اس پوزیشن میں جیل جائیں ان کی صحت اجازت نہیں دیتی، اگر گرفتار کیا جاتا ہے تو بھرپور مزاحمت کریں گے اور پی ٹی آئی کو میدان کھلا فراہم نہیں کرنا چاہیئے۔
پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا بلدیاتی الیکشن آرہے ہیں، نیا سسٹم آیا ہے، یوسی بڑھ گئی ہیں ہم سب مل کر بلدیاتی الیکشن بھرپور طریقہ سے لڑیں گے۔ ہم بتائیں گے لاہور میں ذوالفقارعلی بھٹو کی پارٹی زندہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آصف زردای کے لیے جس حد تک جانا پڑا جائیں گے۔ جو لوگ پارٹی میں کام نہیں کرتے ان کی جگہ دوسروں کو عہدے پر لائیں گے۔ ہم ٹکٹ ہولڈر صوبائی اور نیشنل اسمبلی کے لوگوں سے رابطہ کریں گے کہ بلدیاتی الیکشن میں ساتھ دیں۔
دوسری جانب جمعیت علماء اسلام لاہور کا اجلاس معنقد ہوا، جس کی صدارت امیر مولانا نعیم الدین نے کی۔ اجلاس میں 23 اگست کو لاہور میں صوبائی کنونشن منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جمعیت علماء اسلام لاہور آفس میں منعقدہ اجلاس میں مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا امجد خان نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں آنے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لاہور یوسی کی سطح پر تنظیم سازی اور جماعت کو فعال کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پنجاب سلیم اللہ قادری، قاری امجد سعید، افضل خان، مفتی عبدالحفظ، قاری عمران، مولانا حنیف الحق و دیگر نے شرکت کی۔