ویب ڈیسک : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آئینی ترامیم کا حصہ نہیں بنے گی۔
عمر ایوب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کے پاس آئینی ترامیم لانے کا کوئی مینڈیٹ نہیں کیونکہ ہمارے ایم این ایز کی گرفتاری پر یہ کمیٹی بنائی گئی تھی۔ خصوصی کمیٹی کا کام ارکان کے حقوق اور پارلیمان میں ذمہ داریوں کو دیکھنا ہے۔
بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں قومی اسمبلی اجلاس کے متعلق حکمت عملی طے کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سخت احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل ہر آئینی ترمیم کی مخالفت کرے گی۔