وفاقی کابینہ نے صوبائی فنانس کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے صوبائی فنانس کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی کابینہ نے این ایف سی ایوارڈ کے متبادل کے طور پر صوبائی فنانس کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دیدی ہے،کابینہ نے  سرکاری ملازمین کو پنشن کی ادائیگیوں میں مشکلات ختم کرنے کیلئے پنشن فند قائم کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے، بیرون ممالک میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے انہیں مکمل قانونی معاونت فراہم کرنے اور ان ممالک سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستانیوں کو رہا کرنے کیلئے تمام سفارت خانوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

منگل کے روز وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز  نے کہاکہ کابینہ اجلاس کے دوران ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے اور وہ این ایف سی ایوارڈ کے متبادل کے طور پر صوبائی فنانس کمیشن کی تشکیل ہے انہوں نے کہاکہ صوبائی فنانس کمیشن کی تشکیل سے صوبوں کے تمام اضلاع کو ان کی پسماندگی اور ضروریات کے مطابق فنڈز دئیے جا سکیں گے اور کسی ایک ضلع کو زیادہ فنڈز ملنے کے حوالے سے شکایات کا خاتمہ ہوسکے گا۔

 ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایاکہ ریڈیو پاکستان سمیت کسی بھی ادارے میں کرپشن یا کسی قسم کی بے ضابطگی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور کرپشن کرنے والے افسران اور ملازمین کو نشان عبرت بنایا جائے گا انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے پاس اس وقت کوئی ایجنڈا نہیں ہے وہ محض اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے ملک میں بے یقینی پھیلانے کی کوششیں کر رہے ہیںتاہم وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔

 دریں اثناء  وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک بھر میں عوام الناس کو گندم اور آٹا کی مناسب قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے اور قیمتوں پر قابو رکھنے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء حماد اظہر، سید فخر امام، مشیران ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔چیف سیکرٹری پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی جانب سے گندم کی صورتحال اور گندم اور آٹے کی قیمتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ نے گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملک بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے، وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ اور چیف سیکرٹری بلوچستان کو ہدایت کی کہ گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔

Sughra Afzal

Content Writer