وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ٹک ٹاکر حریم شاہ کے معاملے پر ایف آئی اے نے نوٹس لیا ہے اور انکوائری شروع کی ہے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ پر مذاق نہیں بنتا۔ برطانوی کرائم ایجنسی سے بھی یہ ویڈیو شیئر کی گئی ہے تاکہ وہ بھی ریکارڈ دیکھیں۔ ایسی چیز مذاق کے قابل نہیں۔ حریم شاہ نے بدھ کو ویڈیو شیئرنگ ایپ ’سنیک ویڈیو‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ان کے سامنے برطانوی کرنسی کی گڈیاں موجود تھیں۔
حریم شاہ نے اپنی ویڈیو میں لوگوں کو یہ پیغام دیا کہ اماؤنٹ لاتے وقت تھوڑا خیال رکھیے گا کیونکہ آپ کو پکڑ لیتے ہیں، مجھے تو کسی نے کچھ نہیں کہا، آپ کو پتا ہے اور کہہ بھی نہیں سکتے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے نظام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ جب ایف آئی اے نے انکوائری کاعندیہ دیا تو حریم شاہ مکر گئیں اور انہوں نے اسے محض مذاق قراردیا ۔ دوسری طرف برطانوی ایجنسی نے بھی تصدیق کی ہے کہ معاملہ ان کے نوٹس میں ہے ۔