(قیصر کھوکھر) معدنی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بزدار حکومت کا تاریخی فیصلہ، صوبائی کابینہ نے کوئلہ کی لیز پر 10 سالہ عائد پابندی ختم کرنے کی حتمی منظوری دے دی۔
صوبائی سیکرٹری معدنیات کی جانب سے پابندی کے خاتمہ کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے،پابندی کے خاتمے سے نہ صرف موجودہ سرمایہ کاروں کا حوصلہ بڑھے گا بلکہ نئے لوگوں کو سرمایہ کاری کی جانب راغب بھی کیا جا سکے گا، صوبائی کابینہ نے منرل سیکٹر میں مقابلے کو فروغ دینے اور دور رس بہتر حکمت عملی کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جو اپنی سفارشات کابینہ کے سامنے پیش کرے گی۔
یا د رہے کہ سابق حکومت نے کوئلے کی لیز پر دس سال سے پابندی عائد کررکھی تھی۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبہ میں فیکٹری انسپکشن پر پابندی کا اعلان کردیا، سوشل سکیورٹی آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی سمری تیار کرلی گئی، سٹی 42 نے اہم نکات حاصل کرلئے۔
سفارشات کے مطابق فیکٹری مالکان سیلف اسیسمنٹ کے قانون کے تحت فیکٹری ورکرز کی کنٹری بیوشن آن لائن جمع کروائیں گے، سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ فیکٹریوں کی ریئل ٹائم آن لائن انسپکشن کا نظام مربوط کرے گا، سفارشات گورننگ باڈی کی منظوری کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھجوائی جائیں گی۔